مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران میں روسی فیڈریشن کے سبکدوش ہونے والے سفیر لیوان جگاریان نے وزیر خارجہ ڈاکٹر امیر عبداللہیان سے ملاقات کی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی توسیع کی بنیاد رکھنے میں سفیروں کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تہران میں اپنی ماموریت کے دوران جگاریان کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے ایران اور روس کے دونوں ممالک کے درمیان طویل مدتی تعاون کی دستاویز کو حتمی شکل دینے پر بھی زور دیا۔
ڈاکٹر امیر عبداللہیان نے جنوبی قفقاز کے علاقے میں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان حالیہ فوجی کشیدگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے زور دیا کہ تنازعہ کا حل پرامن اور سیاسی طریقوں سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے خطے میں کسی قسم کی جیوپولیٹیل تبدیلی کو بھی ناقابل قبول قرار دیا اور خطے میں امن کی بحالی کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
اس ملاقات میں لیوان جگاریان نے ایران میں سفیر کی حیثیت میں گزرے وقت کو اپنی سیاسی زندگی کا اہم حصہ قرار دیا۔ انہوں نے رہبر معظم انقلاب اسلامی سے روسی صدر کے ساتھ ملاقات کو ایران میں اپنی بہترین یاد قرار دیا۔
انہوں نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے روسی فیڈریشن کے عزم پر بھی زور دیا۔
آپ کا تبصرہ